آ کلینڈ 23 مارچ ( ایجنسیز) کیوی کوچ مائیک ہیسون کا کہنا ہے کہ دنیا کی چار بہترین ٹیمیں ہی ورلڈ کپ سیمی فائنل میں پہنچی ہیں، فائنل تک رسائی کا پہلا معرکہ منگل کو آکلینڈ میں مشترکہ میزبان نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائیگا جبکہ دو دن بعد جمعرات کو سڈنی میں آسٹریلیا اور بھارت بھی فائنل میں جگہ بنانے کیلیے صف آرا ہوں گے۔ کیوی ٹیم نے کوارٹر فائنل میں ویسٹ انڈیز کو143رنز سے شکست دیکر میگا ایونٹ میں اپنی فتوحات کا سلسلہ9 میچز تک دراز کیا ، ہیسون کا کہنا ہے کہ ہماری ٹیم اس مرحلے تک پہنچنے میں حق بجانب تھی،کیونکہ دنیا کی چار بہترین ٹیمیں ہی اس مقام تک پہنچی
ہیں، میرے خیال میں بہت کم لوگ میری اس بات سے اختلاف کرپائیں گے، جنوبی افریقی ٹیم بھی غیرمعمولی ہے لیکن ہم انھیں دباؤ میں لانے کی کوشش کریں گے، دونوں ٹیمیں اب تک اچھی کرکٹ کھیل رہی ہیں، ہم بطورٹیم بہت پراعتماد ہیں، ہمارے اوپنر مارٹن گپٹل نے ویسٹ انڈیز کیخلاف ورلڈ کپ کی تاریخ کی بہترین انفرادی اننگز کھیلتے ہوئے237 رنزناٹ آؤٹ بنائے، ٹرینٹ بولٹ نے 4 وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ ویٹوری نے شاندار جمپ لگاکرباؤنڈری لائن پر ناقابل یقین کیچ تھاما، یہ تمام عناصر ویسٹ انڈیز کیخلاف ہماری فتح میں اہم ترین رہے، ہیسون نے کہا کہ 36 سالہ ویٹوری کی جانب سے اس انداز میں جمپ لگاکر کیچ تھام لینے کا یقین نہیں آرہا، انھوں نے بلاشبہ عمدہ پرفارمنس پیش کی۔